کراچی (نمائندہ رنگ نو)الخدمت کراچی کے تحت گلشن معمار میں تعمیر ہونے والے ’ آغوش ہوم “ کا الخدمت کے
ڈونرزاوران کی فیملیز نے دورہ کیا ۔
اس موقع پرالخدمت کراچی کے سینئر منیجر ریسوس موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل نے انہیں آغوش ہوم پراجیکٹ کے علاوہ الخدمت کی جانب سے عوام الناس کو فراہم کی جانے والی مختلف النوع خدمات کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی ۔
ڈونر ز اور ان کی فیملیز نے آغوش کے مختلف حصوں کا جن میں بچوں کے رہائشی کمروں ،ڈائننگ روم ،لیکچر سینٹر اورزیر تعمیر اسلامک کلچرل سینٹر کے آڈیٹوریم کا معائنہ کیا ۔ڈونر ز کا کہنا تھا کہ الخدمت کی جانب سے ” آغوش ہوم “کا قیام ایک مستحسن اقدام ہے ۔ہمارے معاشرے میں اس طرح کے آغوش ہومز کے قیام کی ضرورت ہے ۔وہ کام جو حکومتوں کو کرنے چاہئیں وہ الخدمت کر رہی ہے ۔
الخدمت کراچی نے اپنے ڈونرز کے تعاون سے جس معیار کا یہ آغوش ہوم تعمیر کیا ہے ،وہ قابل تعریف ہے اوریہ پورے معاشرے کیلئے ایک مثال ہے ۔انہوں نے معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ الخدمت کے کاموں میں اس کا ساتھ دیں ۔دریں اثناعنایت اللہ اسماعیل نے کہا کہ خطیر رقم سے بڑے رقبے پرقائم ’ ’ آغوش ہوم “میں یتیم بچوں کی کفالت کی جائے گی۔یہاں ان بچوں کو نہ صرف دینی ودنیاوی تعلیم وتربیت دی جائے گی،بلکہ انہیں صحت ،کھیل وتفریح سمیت دیگرتمام ضروری سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طورپر 50بچوں کی کفالت کا انتظام کر لیا گیا ہے ،جبکہ پہلے مرحلے میں اسے 100بچوں تک توسیع دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ آغوش ہوم میں فی الحال 6سے 8سال تک کے بچوں کو رکھا جائے گا اور اس میں بچوں کو گھر جیسا ماحول فراہم کیا جائے گا۔
انہوں کہا کہ نیکی کے کاموں میں الخدمت کا ساتھ دینے والے اللہ کے یہاں بڑے اجروثواب کے مستحق ہیں ۔انہوں نے آغوش کا دورہ کرنے والے تمام ڈونرز اوران کی فیملیز کا شکریہ ادا کیا ۔بعد ازاں ظہرانے سے تمام مہمانوں کی تواضع کی جائے گی ۔