
کراچی (نمائندہ رنگ نو )الخدمت کراچی کے” آرفن کیئر پروگرام “میں رجسٹرڈ بچوں کی سالانہ
ہیلتھ اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔گزشتہ روز ہیلتھ اسکریننگ کا چوتھا مرحلہ مکمل ہوگیا ۔
چوتھے مرحلے میں ضلع غربی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مزید150 بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کی گئی ۔اس سلسلے میں الخدمت اسپتال اور نگی کیمپ منعقد کیا گیا ،جس میں ماہر امراض اطفال ،ماہر امراض چشم ،دانتوں کے ڈاکٹراور جنرل فزیشن اور پیر میڈیکل اسٹاف نے بچوں کا معائنہ کیا اور انہیں صحت سے متعلق مفیدہدایات دیں ۔
ڈاکٹرز نے بچوں سے کہا کہ وہ صحت کو اچھا رکھنے کیلئے نماز پڑھیں ،اپنے دانت صاف رکھیں ۔وقت پر کھانا کھائیں ۔کھانے کے فوری بعد نہ سوئیں ،رات دیر تک نہ جاگیں اور ورزش کو اپنا معمول بنائیں اور خوش رہیں ۔یہ سب چیزیں اچھی صحت کیلئے ضروری ہیں ۔
کیمپ میں الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران ،بچوں کی مائیں اور سرپرست بھی موجودتھے ۔دریں اثنا آرفن کیئر پروگرام کے ڈائریکٹر فاروق کاملانی نے کہا کہ الخدمت بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ان کی صحت سے متعلق بھی اپنی ذمہ داری پوری کر تی ہے ،تاکہ بچوں کی تعلیم وتربیت کے ساتھ ان کی صحت کو رپیش مسائل بھی حل کیے جائیں ۔
انہوں نے کہاکراچی میں 1,143 یتیم بچے الخدمت کے زیر کفالت ہیں ۔اب تک چوتھے مرحلے کی تکمیل پر650بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے ،باقی بچوں کی ہیلتھ اسکریننگ جلد کی جائے گی۔
ہیلتھ اسکریننگ کا عمل کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری موجود الخدمت کے اسپتالوں اور میڈیکل سینٹرز میں مکمل کیا جا رہا ہے ۔




































