شب قدرمیں پاکستان کیلئےخصوصی دعائیں کی جائیں،سعدیہ راشد

کراچی ( نمائندہ رنگ  نو )ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے

ستائیس رمضان المبارک کے حوالے سے جاری بیان میں تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ اس دن کی مقدس شب کو عبادات کے دوران کوروناوائرس سے عالمی سطح پر پیداہونے والی سماجی و اقتصادی بدحالی کے تناظر میں وطن عزیز کے استحکام، ترقی، قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ یہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے امتحان ہے اور اس کا واحد حل اللہ سے پناہ مانگنے میں ہے اور ساتھ میں اسلامی احکامات کے مطابق زندگی گزاریں اورماہرین طب کی ہدایات پر عمل کریں تا کہ اس وباء سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کے مسلمانوں کے لیے بہت خاص اور کرشمہ الہٰی ہے کہ پاکستان  اس دن عالم وجود میں آیا جو یوم نزول قرآن تھا اور شب قدر بھی جو تمام عالم اسلام کے نزدیک مبارک و متبرک ہے۔ بے شک یہ اللہ تعالیٰ کا انعام عظیم ہے۔

سعدیہ راشد مزید کہا کہ ۱۹۷۳ء سے ہمدرد پاکستان تمام ذیلی اداروں میں مذہبی و ملی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے اس دن کو منانے کی تحریک کے روح و رواں ہمدرد پاکستان کے بانی و رہنما شہید حکیم محمد سعید ہیں۔

 انہوں نے ۲۷۔ رمضان کو بہ طور یوم آزادی و یوم تشکر منانے کی تحریک کا آغاز کیااور اس دن کو انسان کی آزادی کا یادگار دن قرار دیا کہ انسان کو انسان کی بندگی سے نجات مل گئی۔ کورونا جیسی عالمی وبا سے بچاؤ کے لیے ہمیں آنے والی شب قدر کی مبارک ساعتوں میں پوری خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے ہدایت و رہنمائی کے لیے دل کی گہرائیوں سے دعائیں کرنی چاہئیں اور اس کا شکر ادا کرنا چاہیے تا کہ پاکستان کی عظمت و رفعت کا سامان پیدا ہو۔