کراچی پریس کلب کے انتخابات میں بھر پورحصہ لیں گے،دستور گروپ کااعلان

کراچی ( رنگ نو ڈیسک) دستور گروپ نےکراچی پریس کلب کے الیکشن میں بھر پور طریقے حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے

کراچی پریس کلب کے الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل اور حکمت عملی کے لئیے دستور گروپ کے ہم خیالوں کا اجلاس جلد بلایا جائے گا ۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے دستور گروپ کا اجلاس کراچی پریس کلب میں چیئرمین ڈاکٹر عبدالجبار خان کی صدارت میں ہوا۔

اجلاس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے ایک موجودہ عہدیدار کی جانب سے دستور گروپ کے ہم خیالوں  کی ممبر شپ ختم کرنے کے دھمکی آمیز فون کرنے پر تشویش کا اظہار اور مذمت کی گئی   

اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے کامیاب پاکستان کے تحت کراچی پریس کلب کے ممبرز کو 10 سے 30 لاکھ روپے تک آسان قرض دینے کے اعلان کو سراہا گیا اور مطالبہ کیا کہ لاہور پریس کلب کی طرح کراچی پریس کلب کے ممبرز کے لئیے بھی 5 مرلہ فلیٹ اسکیم کا اعلان کیا جائے اوران اعلانات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

دستور گروپ کے اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ موجودہ حکومت کے سابق وفاقی وزراء اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان اور شبلی فراز نے کراچی پریس کلب آمد پر اراکین کے لیے مختلف اعلانات کئے لیکن وہ لولی پوپ ثابت ہوئے جس سے ممبرز میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ 

اجلاس میں پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے تمام دھڑوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بل کا جائزہ لیں کہ یہ بل آزادیء اظہار رائے کے خلاف ہے یا صحافیوں کا معاشی قتل عام کرنے والے میڈیا مالکان کے خلاف ہے .

واضح رہے کہ دستور گروپ ، کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے اندر رہتے ہوئے غیر سیاسی و غیر جماعتی  بنیادوں پر بنایا گیا ہے اور کام کر رہا ہے۔