
حید رآباد(ویب ڈیسک)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نےمٹیاری میں پیرغلام مجدد سرہندی کی جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر
ہونے والے بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت نہیں بلکہ بادشاہت جیسا نظام چل رہا ہے۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے شہزادے شہزادیوں کو غریب کی نہ کوئی فکر ہے نہ ہو گی۔
سندھ کے عوام جاگیرداروں اور وڈیروں کے بتوں کو توڑیں اور ملک میں نظام مصطفیؓ کے نفاذکے لئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ روایتی سیاسی پارٹیوں نے سندھ سمیت پورے ملک کو برباد کر دیا۔
امیر جماعت سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں اشیائے خوردونوش، ادویات، پیٹرول، گیس کی قیمتوں میں سو سے دو فیصد اضافہ ہوا۔ ملک میں ظلم بڑھا، ناانصافی بڑھی اور کرپشن کو ٹاپ گیئر لگے۔ کہاں ہے وہ مدینہ کی ریاست جس کا وزیراعظم دن رات وعدے کرتے تھے۔ یہ لوگ دھوکے باز ہیں، ان کو عوام کے مسائل کی کوئی فکر نہیں۔ اس ملک کے وی آئی پیز کے محلات بیرون ملک اور ان کا پینے کا پانی تک بھی باہر سے آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جنھوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا۔ ان حکمرانوں نے کراچی جیسے روشنیوں کے شہر کو تاریکیوں میں ڈبو دیا۔ سندھ کے دیہاتوں اور شہروں میں غربت ناچ رہی ہے۔ سندھی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ملک کے لیے کھڑے ہوں۔ مرکزی اور صوبائی حکومت نے سندھ کو وسائل سے محروم رکھا۔ آئیے جماعت اسلامی کو آگے لائیں، وعدہ کرتا ہوں ہم آپ کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔
قبل ازیں امیر جماعت نے حیدرآباد میں سردار زبیر خان سولنگی کے استقبالیہ میں شرکت کی۔ انھوں نے سابق ایم این اے سید شہاب الدین شاہ حسینی کے بھائی اور پیر محی الدین شاہ کے چچا سید فیروز شاہ کی وفات پر ان سے اظہار تعزیت کیا۔
امیر جماعت نے سکرنڈ میں درگاہ پیر ذاکری کے سجادہ نشین سید منیر شاہ ذاکری سے ملاقات کی اور درگاہ کی جامع مسجد میں خطبہ جمعہ دیا۔ مٹیاری میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے اس امر پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا کہ حضرت مجدد الف ثانی کے نواسے اپنی جماعت اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔














