
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اورسابق وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر ہم حکومت کو نمبرز
کے ساتھ شکست دے سکتے تو آج ہم حکومت میں ہوتے اور اپویشن میں نہ ہوتے۔اگر ہم اس بات پر200فیصد قائل ہوئے کہ ایم کیو ایم اور (ق)لیگ، حکومت کے خلاف عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گی تو پھر ہم عدم اعتماد لائیں گے۔ پاکستان میں عدم اعتماد کے لئے ایک بنیادی چیز ہے، ریاست کو غیر جانبدار ہونا چاہیے۔ اس حکومت کو جس نے بچانے کی کوشش کی وہ بھی عوام کے غیض وغضب کا نشانہ بنے گا۔ (ن)لیگ کے چاررہنماؤں کی کسی سے ملاقات نہیں ہوئی۔ میاں محمد نواز شریف کی ناہلیت بھی ختم ہو جانی چاہیئے کیونکہ یہ ایک جھوٹے کیس کے اوپر ہے۔
ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت جب بھی مشکلات میں گھرتی ہے، جب بھی حالات بے قابو ہو جاتے ہیں تو حکومت میڈیا میں ایک بے پرکی اڑ ا دیتی ہے تاکہ میڈیا میں اس پر بحث جاری رہے لوگ اس پر بات نہ کریں کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی خودمختاری پر کیسے سمجھوتا کیا گیا۔ آج جو بات ہونی چاہئے کہ پاکستان بھر میں کسان دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کو یوریا کھاد نہیں مل رہی، ہمارے دور میں جو بوری 1400روپے میں مل رہی تھی وہ آج 2900 روپے میں مل رہی ہے بجلی اور گیس کے بل غذاب بن کر گر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر چار لوگ ہیں جن میں ایک کا تعلق کے پی کے،ایک کا جنوبی پنجاب،ایک کا جہلم اور ایک کراچی-اسلام آباد کے ہائبرڈ ہیں، یہ چار لوگ لائن میں لگے ہوئے ہیں کہ عمران خان تو فیل ہو گئے ہیں ان کی ناکامی کے نتیجے میں اسمبلیاں نہ ٹو ٹیں اور ہم پر متبادل وزیر اعظم کے لئے ہاتھ رکھ دیا جائے تو ہم باقی ماندہ مدت پوری کر سکتے ہیں یہ اصل میں پی ٹی ئی کے اندر سیاست چل رہی ہے کہ اس حکومت کو کیسے بچایا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر عدم اعتماد ہوتا ہے تو نیا وزیر اعظم ایک، دو یا تین ماہ سے زیادہ کے لئے نہیں ہو گا اور پھر نئے الیکشن کرانے ہونگے، پی ٹی آئی کے یہ چا ر ارکین عمران خان کے سامنے وفادارد ی دکھا کر خوشنودی لے رہے ہیں اور اندر،اندر ان کی جڑیں کاٹ رہے ہیں ایک طرف یہ کہتے ہیں کہ عمران خان فیل ہو گئے اور ہم ٹھیک کر سکتے ہیں اور دوسری طرف عمران خان کو کہتے ہیں کہ اگر آپ کو پیچھے ہٹناپڑے تو ہم پر ہاتھ رکھ دیں۔














