
لاہور(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس اور اومی کرونا ویرینٹ کا پھیلاؤ خطرناک حد کو چھو گیا ہے۔ جس کے
نتیجے میں گزشتہ روز صرف لاہور میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح مزید بڑھ کر 15.2 فیصد ہوگئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے غیر مصدقہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 783 مزید نئے کیسز سامنے آگئے۔ جبکہ کرونا وائرس مزید ایک اور زندگی نگل گیا۔
اعدادو شمار کے مطابق شہر میں اس عرصے کے دوران اومیکرون ویرینٹ کے مزید 18 نئے کیسز بھی سامنے آگئے ہیں،جس کے بعد اومیکرون میں مبتلا مریضوں کی تعداد 518 ہوگئی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس وقت کرونا وائرس کے بیشتر مریض سر گنگارام ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔




































