ٗہم اہل کراچی کے حق پر مبنی مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ٗحافظ نعیم الرحمن

کراچی(نمائندہ رنگ نو)کالےبلدیاتی قانون کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر تیز ہواؤں اور گردوغبار کے طوفان کےباوجود دھرنا بائیسویں

روز بھی جاری رہا،شرکاء انتہائی خراب موسم کے باوجود بھی نظم و ضبط اور استقامت کامظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلی کے سامنے ڈٹے رہے۔

دھرنے میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بامقصد اور سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں،حالات اور موسم کیسا ہی ہو ہم تھکیں گے نہ جھکیں گے اور نہ اہل کراچی کے حق پر مبنی مطالبات سے پیچھے ہٹیں گے،جماعت اسلامی اتوار23جنوری کو ایک بڑا جلسہ عام کرے گی جس سے امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے،پیپلزپارٹی بلدیاتی اختیارات کو باربار آمر مشرف کا نظام کہتی ہے،ہمارا مشورہ ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور تمام صوبائی وزراء پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے 1972میں دیے گئے بلدیاتی اختیارات کامطالعہ کریں اور2001کے نہ سہی 1972کے بلدیاتی اختیارات ہی دے ہم سمجھیں گے کہ آپ نے اپنی پارٹی کے بانی سے وفا کی۔ہم سعید غنی خاصخیلی کو بتانا چاہتے ہیں کہ 1972 کے بلدیاتی قانون میں بھی فنکشن آف پلاننگ،ڈیولپمنٹ اینڈ ٹاؤن ایمپروومنٹ،ماسٹر پلان ٹاؤن پلاننگ کنٹرول،ڈیولپمنٹ کنٹرول،بلڈنگ ریگولیشن،لائسنس آف آرکیٹیکٹ اینڈ ٹاؤ ن پلانرز،لینڈ ڈیولپمنٹ تمام تر قیاتی اسکیمیں اور پبلک ہاؤسنگ کے محکمے سب کے ایم سی کے پاس تھے۔1972کے قانون میں تمام پبلک ہیلتھ سروسزاوراسکی منصوبہ بندی وترقی،مینٹیننس،سیوریج سسٹم اور بلک واٹر سپلائی،تمام اسپیشل و جنرل ہسپتالوں و میٹرنٹی ہومز کا کنٹرول،تمام قبرستانوں کا انتظام،فائر فائٹرزسروسز،ہائی ویز و اہم پل،پبلک روڈو برساتی نالوں کی منصوبہ بندی،تعمیر و ترقی میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ اور ٹریفک کنٹرول سب کا انتظام کے ایم سی کے ماتحت ہوتا تھا۔سعید غنی خاصخیلی خود فیصلہ کریں کہ یہ سارے اختیارات اور محکمے کسی فوجی یا سیاسی آمرنےکے ایم سی کو دیئے تھے؟،ہم بھی آج کراچی کے لیے یہی اختیارات مانگ رہے ہیں۔

امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دیا جائے،دیہی و شہری آبادی میں یکساں تناسب سے نئی حلقہ بندیاں کی جائیں،بین الاقوامی طرزکا ٹرانسپورٹ کا نظام دیا جائے،شہر میں میئر،ڈپٹی میئر،کونسل کے ممبران کا براہ راست انتخاب کیا جائے،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا نگراں بااختیار میئر کو بنایا جائے،بااختیار شہری حکومت کے ماتحت صحت،تعلیم، اسپورٹس، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا مربوط نظام بنایا جائے، کے ڈی اے،ایس بی سی اے،واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،سٹی پولیس وٹریفک پولیس سمیت بلدیاتی اداروں میگاسٹی گورنمنٹ کے تحت کیے جائیں،کوٹہ سسٹم ختم اورنئی مردم شماری ڈی فیکٹو کی بجائے ڈیجور طریقے سے کی جائے۔
دھرنے میں پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو)کے صدر عاصم بھٹی،جنرل سکریٹری علی حیدر گبول کی قیادت میں وفد،جامع منصورہ سندھ ہالہ کے صدر مدرس محمد احسن بھٹو کی ہدایت پر اساتذہ کے وفد،امیرجماعت اسلامی پنوعاقل سٹی عبد الکریم،امیر ضلع لسبیلہ (بلوچستان)مولانا نیاز محمد،صدر جے آئی یوتھ مکران ریجن محمد جان مری،جے آئی یوتھ کی مرکزی کمیٹی پاکستان کے شاہد نوید ملک،جنرل سکریٹری پاکستان فرہاد گل، مرکزی نائب صدر عمران گورائیہ،مرکزی ڈپٹی سکریٹری سجاد ملک اور فضل الہیٰ کمپنی برطرف ملازمین کے ایک بڑے وفد نے دھرنے کے شرکاء سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔