کراچی ایکسپوسینٹرمیں کتب میلہ اختتام پذیر،کروڑوں روپے کی کتب فروخت

کراچی ( رپورٹ : زین صدیقی ) کراچی ایکسپو سینٹرمیں  17 واں کراچی انٹرنیشنل بک فیئر 2022  پیر کو اختتام پذیر ہوگیا ۔ کتب میلہ میں کتب بینی کی

شوقین  ہزاروں افراد نے کروڑوں روپے کی کتب کی خریداری کی ۔

ایکسپو سینتر کراچی کے 3 ہالز میں مجموعی طور پر 330 اسٹالز لگائے گئے تھے ،جبکہ پاکستان سمیت دینا کے 17 ممالک کے 40 اداروں نےاس ایکسپو میں اسٹالز لگائے تھے ۔ پاکستان کے 136 نامور پبلشرز نے بھی اس کتب میلے میں حصہ لیا۔

ایکسپو سینٹر میں شہر بھر کے اسکولز،یونیورسٹیز اور کالجز کے ہزاروں طلبہ و طالبات ،مدارس کے طلبہ واساتذہ نےشرکت کی،جبکہ گورنرسندھ کامران ٹیسوری ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،ایم کیوایم بحالی تحریک کے ڈاکٹرفاروق ستار،ایم کیوایم کے مرکزی رہنما خالد مقبول صدیقی ،علامی کوکب نورانی ،امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سمیت دیگر سیاسی ومذہبی رہنماؤں ،شاعروں ،ادیبوں ،دانشوروں نےشرکت کی ۔ جبکہ پانچوں دن ایکسپو سینٹر میں شہریوں کا رش رہا۔

ایکسپو سینٹرمیں سائنس ،فکشن ،تاریخ ،تاریخ اسلام، مشاہیر اسلام ،دینی کتب سمیت اسکولز وکالجز کی کتب کا کاوسیع ذخیرہ موجود تھا، جبکہ بچوں کی نصابی کتب کے ساتھ ان کی دلچسپی کی دیگر کتب بھی موجود تھیں ۔

شہری ایکسپو سے بھرپور محظوظ ہوئےاورکتب پرملنے والے تیس سے 50 فیصد رعایت سے بھرپوراستفادہ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کی نمائش سال میں دو بار منعقد ہونی چاہیےتاکہ معاشرے میں کتب بینی کے رجحان میں اضافہ ہو۔