عالمی کتب میلے میں الخدمت کا اسٹال، بنوقابل ٹیسٹ کیلئے سیکڑوں نوجوانوں کی رجسٹریشن

کراچی ( نمائندہ رنگ نو)الخدمت کی جانب سےایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والے 17ویں انٹرنیشنل کراچی بک فیئر 2022 میں مفت آئی ٹی کورسز

کے پروگرام ” بنو قابل “کا اسٹال لگایا گیا، جس میں کراچی کے نوجوانوں کو اس پروگرام کےدوسرے پیج کے ٹیسٹ میں شامل ہونے کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس موقع پر کتب میلے کے پانچوں روز شہر قائد کے نوجوانوں نے ” بنو قابل “ آئی ٹی کورسز پروگرام میں بھرپور دلچسپی لی اور اپنی رجسٹریشن کروائی ،سیکڑوں طلبہ وطالبات نے اس اسٹال پرآکر اپنی رجسٹریشن کروائی۔

طلبہ وطالبات نے کورس سیکھ کر آگے بڑھنےاوربہترین روزگار کمانےکی خواہش کا اظہارکیا۔ دریں اثنا چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نویدعلی بیگ اورایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے بنو قابل کے اسٹال کا دورہ کیا اوربنوقابل ٹیسٹ کی رجسٹریشن کیلئے آنے والے نوجوانوں سے ملاقاتیں کیں ۔ نوجوانوں نے الخدمت کے مفت کورسز کے پروگرام کو سراہا۔

اس موقع پرنوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے پہلے بیج کیلئےانٹری ٹیسٹ مکمل ہوچکے ہیں۔ باغ جناح میں ہزاروں طالبات نے گزشتہ دنوں انٹری ٹیسٹ دیئے تھے۔ جلد ان کے نتائج کااعلان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بیج کا باقاعدہ آغاز ماہ جنوری 2023میں ہوگا ۔ ماہرپروفیشنلز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے ایک انقلابی پروگرام ثابت ہو گا جوان کے روشن مستقبل کا تعین کرے گا ۔

راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کے بنو قابل پروگرام میں ٹیسٹ پاس کرنے والے ہزاروں لڑکے اور لڑکیوں کو آئی ٹی کے4سے 6ماہ دورانیے کے کورس کروائے جائیں گے۔ اس کیلئے شہر میں آئی ٹی ٹریننگ سینٹر قائم کیے جارہے ہیں۔ جہا ں ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے ہزاروں لڑکے اور لڑکیوں کوکورسز کرنے کا موقع دیا جائے گا ۔راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت کراچی کے نوجوانوں کو معاشی طور پر خود کفیل بنانا چاہتی ہے۔نوجوانوں کا بنو قابل پروگرام کی بدولت آئی کورسز سیکھنے کارجحان قابل ستائش ہے ۔