
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی سے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول اور گھمبیر مسائل کے حل کے لیے ”اعلان
کراچی“ جاری کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی اور حق دو کراچی تحریک کے قائد حافظ نعیم الرحمن نے اتوار کو مزار قائد کے پہلو میں باغ جناح کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں منعقدہ عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام میں تیز ہو تیز،جدو جہد تیز ہو کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں 15جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اعلان کراچی،خواتین چارٹر اور وژن 2023-2027کے اہم نکات پیش کیے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے اہل کراچی کے حقوق اور شہر ی و بلدیاتی اداروں کے اختیارات و وسائل دینے اور الیکشن کمیشن سے 15جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے اور فوج اور رینجرزکے اہلکاروں کو ہر پولنگ اسٹیشن کے باہر اسٹیٹک پوزیشن پر تعینات کرنے کا مطالبہ کیا، جلسے میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں مرد وخواتین، بچے، بزرگ، نوجوان، طلبہ و اساتذہ، علماء کرام، تاجر برادری،مزدور، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، سول سوسائٹی و اقلیتی کمیونٹی کے نمائندے اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی امیدواران شریک ہوئے۔
نعیم الرحمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے بعد آئندہ چار سالوں میں ہر ضلع میں ایک بڑاہسپتال، ہر ٹاؤن میں چیسٹ پین سینٹرز،پیچیدہ بیماریوں کے لیے مہنگے ٹیسٹ رعایتی بنیادوں پر کروانے کے لیے ڈائیگناسٹک سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔ طالبات کے لیے یونیورسٹیاں، طلبہ کی تکنیکی تعلیم کی فراہمی کے لیے اداروں کا قیام، روزگار میں معاونت،شہر کے لیے شایان شان جامع ماس ٹرانزٹ پروگرام، فلائی اوورز‘ انڈر پاسز، دو منزلہ سڑکیں، لا ئٹ ریل، سرکلر ریلوے کے علاوہ ہزاروں جدیدبسیں اور سڑکوں کی بحالی وژن 2023-2027 پروگرام کا حصہ ہوں گے۔K-4 منصوبہ کے 650 ملین گیلن پانی فراہمی منصوبہ کے تینوں فیز اور نکاسی آب کا منصوبہ S-3 مکمل کیا جائے گا۔صنعتی اور تجارتی مراکز میں ہنگامی اور ترجیحی بنیادوں پر انفر اسٹرکچر بحال، پانی اور سیوریج کا نظام، گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے جدوجہد کی جائے گی۔خواتین کے لیے محفوظ‘سستی اور باعزت ٹرانسپورٹ،ورکنگ ویمن کو تحفظ اور برابری کی سطح پر تنخواہ، ہر محلہ میں فیملی پارک،گھریلو مسائل کے حل کے لیے یوسی کی سطح پر پنچائیت کا نظام،خواتین کے لیے با عزت تعلیم و روزگار کا انتظام،خواتین کی بنیادی صحت کے لیے ڈسپنسریز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی وفاقی حکومت کو اس کے بجٹ کا تقریباََ 55 فیصد اور حکومت سندھ کو تقریباََ 95 فیصد ادا کرتا ہے جبکہ خرچ 2 فیصد بھی نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سے جمع شدہ ریونیو کا کم از کم 15 فیصد حصہ کراچی پر خرچ کیا جائے۔کراچی کو میگا سٹی گورنمنٹ کی خصوصی حیثیت دیتے ہوئے بااختیار بلدیاتی نظام دیا جائے۔ سہولیات فراہم کرنے والے تمام ترقیاتی ادارے بشمول کے ڈی اے، واٹر بورڈ کو بلدیہ کراچی کے ماتحت کیا جائے۔ فوری طور پر کراچی کی درست مردم شماری کرائی جائے۔ کراچی کی ساڑھے تین کروڑ آبادی کے لحاظ سے کراچی کی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں اوریونین کونسلوں کی تعداد متعین کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کوٹہ سسٹم فوری طور پر ختم کیا جائے اور ہر سطح پر داخلے اور نوکریاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر دی جائیں۔ سرکاری اداروں میں کراچی کے نوجوانوں کونوکریاں دی جائیں۔ کراچی کی اسامیوں پر جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر بھرتی بند کی جائے۔کراچی کے اداروں میں مقامی افراد کو اسامیوں پر تعینات کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام 15جنوری کو صرف ترازو پر مہر لگائیں،حل صرف جماعت اسلامی ہے، ہمارا میئر،کراچی کے ہر شہری کی خدمت کرے گا اور مسائل حل کروائے گا۔
اعلان کراچی جلسہ عام سے نائب امراء جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، محمد اسحاق خان، رکن صوبائی اسمبلی و امیر ضلع جنوبی سید عبد الرشید، پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ،،بلدیہ عظمی کراچی میں سابق پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، فیڈرل بی ایریا انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سابق رہنما بابر خان، نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدرخالد خان،گڈاپ ٹاؤن میں نامز دبلدیاتی امیدوارجے آئی یوتھ سندھ کے صدر امتیاز پالاری، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈوکیٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔#














