
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے تحت ایک روزہ ”میگا سستا بازار“ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6میں منعقد کیا گیا۔ سستابازار میں خواتین ،بچوں
کے ساتھ عام گھریلواستعمال کی اشیا کے درجنوں اسٹالز لگا ئے گئے تھےجن میں ملبوسات ،کھلونے ،حجاب ،اسٹیشنری ،بیڈ شیٹ ،برتن ،کچن آئٹمز ،مصنوعی جیولری اور دیگر اشیا کے اسٹالز شامل تھے۔
تمام اسٹالز الخدمت کی خواتین رضاکاروں نے لگائے اور ان اسٹالز پر آنے والی خواتین نےخریداری میں بھرپور دلچسپی لی۔ خواتین نے سستابازار کی اس کاوش کو سراہا۔ میگا سستا بازار کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈووکیٹ نے کیا۔
چیئر پرسن الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نویدہ انیس اور سیف الدین ایڈووکیٹ نے اسٹالز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سستا بازار کی انچارج شازیہ شاہد ،عائشہ سعد ودیگر خواتین ذمہ داران موجود تھیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ خواتین کی نمائندہ این جی او ہے جو پورے پاکستان میں کام کر رہی ہے اور ان کا کام مثالی ہے۔ سستا بازار لگانے کی ان کی یہ کاوش قابل قدر ہے جس کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو ریلیف پہنچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بازار وں کا اہتمام ہوتا رہنا چاہیے ۔

چیئر پرسن الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نویدہ انیس سستا بازار کے انعقاد کا مقصد مہنگائی سے متاثر خواتین کو ایک چھت تلے سستے داموں ضروریات زندگی کی فراہمی ہے ۔انہوں نے کہا ہم اس سستا بازار سے بھی متوسط اور غریب طبقے کی خواتین نے استفادہ کیا اور سیکڑوں خواتین نے ان اسٹالز پر آکر خریداری کی ۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اور غریب طبقے کی قوت خرید بری طرح متاثر ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ مختلف پسماندہ، غریب طبقات کی آبادیوں اور کچی آبادیوں میں ان سستا بازاروں کا اہتمام کر تی رہتی ہے ،تاکہ یہ لوگ بھی اپنی ضروریات کو پورا کرسکیں۔
نویدہ انیس نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ مختلف شعبہ جات میں کام کر رہی ہے ،خواتین نے سیلاب کے دنوں میں بھی اپنے سیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی بھرپور مدد کی اور اب بھی امداد کا یہ سلسلہ جاری ہے۔




































