
کراچی ( نمائندہ رنگ نو )مفکر تعلیم، قائد نونہال اور مثالی صنعت کار ،بانی ہمدرد پاکستان شہید حکیم محمد سعید کی۱۰۳ویں یوم پیدائش ۹۔جنوری ۲۰۲۳ء پر اُن کی نونہالان
وطن کی ذہنی و شعوری ارتقاء کے لیے گراں قدر قومی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہمدرد پاکستان شعبہ مارکیٹنگ کی جانب سے بلاول اسٹیڈیم ہمدرد پبلک اسکول میں نونہال گرینڈ کارنیوال کے نام سے رنگارنگ میوزیکل تفریحی میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں بچوں کی دلچسپی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مختلف تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ان میں اسٹیج شو، جمپنگ کیسل، میجک شواورکھانے پینے کے دیدہ زیب اسٹالز شامل تھے۔
ہمدرد پاکستان کی سربراہ محترمہ سعدیہ راشد نے کارنیوال میںبہ طور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اُن کے ہمراہ ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ چیف ایگزیکٹو آفیسر فاطمہ منیر احمد ، چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم ، ڈائریکٹر برائے شعبہ کلینکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر حکیم عبدالحنان ، اسکول کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خالد نسیم کے علاوہ اساتذہ و دیگر فیکلٹی ممبران، پروفیسر ڈاکٹر احسانہ ڈار سمیت ہمدرد گروپ کے ڈائریکٹران اور ڈپٹی ڈائریکٹران شریک ہوئے۔
محترمہ سعدیہ راشد نے نونہال گرانڈ کارنیوال میں ہمدرد ولیج اسکول و ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ کے ساتھ ہمدرد پاکستان کا روح افزا کے اسٹال سمیت دیگر کئی اسٹالز کا دورہ کیا۔ان اسٹالوں میں کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ دستکاری، ہاتھ سے بنائے گئے ہینڈز بیگز، سوٹس اور پزل وغیرہ کے بھی اسٹالز شامل تھے جنہیں محترمہ نے بہت پسند کیا اور طلبہ کو اُن کی کاوشوں پر دعائیں دیں اور حوصلہ افزائی کی۔
کارنیوال کی خاص بات ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ کی جانب سے محترمہ سعدیہ راشد کے لیےایک منفرد تحفہ پیش کرنا تھا۔ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے شہید حکیم محمد سعید کی خدمات اور اُن کی مختلف تقاریب و مواقعوں پر لی گئیںہزاروں تصاویر کو ملاکر بڑی تصویر تیار کی اور محترمہ سعدیہ راشد کو بہ طور تحفہ پیش کی۔ محترمہ نے اس کاوش پرنونہالوں و اساتذہ کوبہت سراہا اور کہا کہ ایک تصویر میں پوری صدی کا قصہ درج ہے۔
اسٹیج شو کی میزبانی ملک کے معروف ریڈیو ہوسٹس عمران شہریار اور ایمی خان صاحبہ نے انجام دی ۔ تقریب میں ہمدرد پبلک اسکول کے نونہالوں نے بذریعہ ٹیبلو اپنے قائد شہید حکیم محمد سعید سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا اوربذریعہ جاگو جگائوکےعنوان سے ادارئیے’’ماہ نامہ ہمدرد نونہال‘‘اور سفرناموں ، ادب اطفال میں وسعت پیدا کرنے اور نئے اذہان کو علم و ہنر سے منور کرنے کے لیے عظیم قومی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔ طلبہ نے قومی گیتوں پر ثقافتی رقص پیش کیےاور اپنی تقاریر میںشہید پاکستان حکیم محمدسعید کے اقوال پر عمل پیرا ہوکر ملک و قوم کی خدمت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔














