مفت کورسز:الخدمت” اسکل ڈیو لپمنٹ پروگرام “کے تحت کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم

  کراچی (نمائندہ رنگ نو ڈاٹ کام ) الخدمت کراچی کے نوجوانوں کو ہنرمندبنانے کےمفت پروگرام” اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام“ کے تحت کورسز

پاس کرنے والے نوجوانوں میں اسناد تقسیم کر دی گئیں ۔

نوجوانوں نے” الخدمت کے اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام“ سے موبا ئل رپیئرنگ کے پہلے پیج میں ،جنرل الیکٹریکل ور ایڈوانس ٹیلرنگ کے تیسرے بیج میں کامیابی حاصل کی ۔

 تین ماہ کےکورسز کی کامیاب تکمیل پر 40سے زائد طلبہ کیلئے الخدمت اسکل ڈیو لپمنٹ سینٹر پی آئی بی کالونی میں تقریب کا اہتمام کیا گیاجس کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی تھےجبکہ تقریب میں ڈائریکٹر مواخات پروگرام یوسف محی الدین ،منیجرمواخات پروگرام محمد طارق، الخدمت کے ذمہ داران اور طلبہ نے شرکت کی ۔

اس موقع پر راشد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت کراچی کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔ یہ ایک مفت پروگرام ہے جو نوجوانو ں کیلئے شروع کیا گیا ہے ،ایسے نوجوان جو مڈل میٹرک یا انٹر پاس ہیں اور ہنر سیکھ کر کچھ کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کیلئے مدد گار پروگرام ہے۔

انہوں نے کہا آپ جو بھی کام کر رہے ہوں بحیثیت مسلمان آپ کا فرض ہےکہ اس میں آپ ایمانداری کو اختیارکریں اوراپنا کام نیک نیتی سے کریں کیونکہ اسی میں برکت اور عزت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ الخدمت کے اس پروگرام کےتحت کورسزپاس کرنے والے 70فیصد سے زائد طلبہ اپنا کاروبار شروع کر چکے ہیں ۔

راشد قریشی نے کہا کہ شہر کے نوجوان الخدمت کے مفت اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔یو سف محی الدین نےکہا کہ جن بچوں نے کامیابی کے ساتھ کورسز مکمل کیے ہیں وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ کورسز سیکھ کر آپ اپنا باعزت کام شروع کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت کورس مکمل کرنے والے متعدد بچوں نے الخدمت کے مواخات پروگرام سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا کاروبار شروع کیا ہے جو خوش آئند بات ہے ۔ یہ بچے اپنے خاندان کیلئے باعزت روزگار کما سکیں گے ۔

یوسف محی الدین نے کہا کہ یہ الخدمت کا منفردپروگرام ہے ،ہم چاہتے ہیں نوجوان مایوس نہ ہوں اور ہنر سیکھ کر معاشرے کے کارآمد شہری بنیں ۔