آرفن کیئر پروگرام کے تحت ”باہمت بچوں “کیلئے عید ملن تقریبات کا اہتمام

کراچی (نمائندہ رنگ نو ) الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں ” باہمت یتیم بچوں “ کیلئے عید ملن تقریبات کا اہتمام کیا

گیا ۔ عید ملن تقریبات کا اہتمام لیاری ،لانڈھی ،کورنگی ،ملیر اور شاہ لطیف ٹاؤن ودیگر علاقوں میں کیا گیا ۔تقریبا ت میں آرفن کیئر پروگرام کے ذمہ داران ،باہمت بچوں اوران کی ماؤں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر”خوش مزاجی او ر شکر گزاری“ کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا بھی اہتمام کیا گیا ،جن میں ”ٹرینرز  “نے بچوں کو ”خوش مزاجی او ر شکر گزاری “ کے حوالے سے تربیت دی اور انہیں اس کی اہمیت اور فوائد سے بھی آگاہ کیا ۔

ملیر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع ملیرمحمد اسلام نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ الخدمت ملک بھرمیں یتیم بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کر رہی ہے اور صرف کراچی میں 1700بچے ایسے ہیں جن کی ماہانہ بنیادوں پر کفالت کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ باپ کے سائے سے محرومی کے بعد ایک خاتون خانہ کیلئے یہ مشکل ہوتا ہے کہ وہ سخت حالات کا مقابلہ کرے اور وہ اپنے بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں بہتر مستقبل کیلئے اچھی تعلیم فراہم کرے۔ایسے میں الخدمت کا یہ پروگرام ان خاندانوں کیلئے ڈھال بن جاتا ہے ،ان کیلئے امید کی کرن بن جاتا ہے تاکہ ان بچوں کو باپ کی کمی کا احساس نہ ہواور یہ پڑھیں اور آگے بڑھیں ۔

انہوں نے کہا یہی بچے جب اچھی تعلیم وتربیت اور ہمت و حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھیں گے توملک کا روشن مستقبل بنیں گے ۔تقریبات میں ماؤں کو الخدمت آرفن کیئر پروگرام کی جانب سے نقد رقوم کی صورت میں تحائف دیئے گئے جبکہ بچوں کیلئے طعام کا اہتمام کیا گیا ۔