ملتان (ویب ڈیسک)پاکستان ریلوے نے یکم جون 2023 سے 25 اپ، 26 ڈاون بہاوالدین زکریا ایکسپریس کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق بہاوالدین زکریا ایکسپریس کراچی سٹی اسٹیشن سے روزانہ شام 6 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوا کرے گی اور دوسرے دن صبح 10 بج کر 45 منٹ پر ملتان پہنچے گی،جبکہ ملتان سے شام 4بجے روانہ ہو کر کراچی 8بجکر 45 منٹ پر پہنچے گی۔
بہاوالدین زکریا ایکسپریس میں اے سی بزنس، اے سی اسٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کے سفر کی سہولت موجود ہو گی،بہاوالدین زکریا ایکسپریس حیدرآباد،نواب شاہ،روہڑی،رحیم یار خان،خان پور،بہاولپور سے ہوتی ہوئی ملتان پہنچے گی۔
ریلوے حکام کی جانب سے عوام کو اطلاع دی گئی ہے کہ بہاوالدین زکریا ایکسپریس میں سفرکی ریزرویشن شروع ہو گئی ہے،پاکستان ریلوے کی ایپلیکیشن یا کسی بھی قریبی ریزرویشن دفتر سے ریزرویشن کروائی جا سکتی ہے، ٹرین اگست 2022 میں اندرون سندھ شدید بارشوں کے نتیجے میں ریلوے لائین کو نقصان پہنچنے کے باعث بند کی گئی تھی،کم و بیش ایک سال کی بندش کے بعد ٹرین کی بحالی کا شہریوں نے خیرمقدم کیا ہے۔