
کراچی(رنگ نوڈیسک ) کراچی میں رات گئےبارش کے باعث مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور چھتوں سےگرکر تین
افراد جاں بحق اورماں بیٹی اور بھائی بہن سمیت8 افراد زخمی ہوگئے۔
کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے مہران ٹاؤن میں بارش کےدوران چھت پر کام کرنے کے دوران ایک شخص گر کر شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس نے دم توڑ دیا ،پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 26سالہ شاہد ولد رسول بخش کے نام سے کی گئی۔
بلوچ کالو نی کے علاقے منظور کالونی میں واقع مکان کی چھت تیز بارش کے باعث گر گئی جس کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور چھت کے ملبے سے 2خواتین کو شدید زخمی حالت میں نکال کر جناح اسپتال منتقل کردیا ،جہاں پر ان کی شناخت 65سالہ انیسہ زوجہ سراج ، 30سالہ صائمہ دختر سراج کے نام سے کی گئی۔
سائٹ سپرہائی وے صنعتی کے علاقے احسن آباد مشرقی سوسائٹی کے قریب ایک زیر تعمیر عمارت سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔متوفی کی شناخت 45 سالہ منظور ولد جاوید کے نام سے ہوگئی۔
شاہ فیصل کالونی کے علاقے اسٹار گیٹ کے قریب بارش کے دوران مکان کی چھت گر گئی جس کی اطلاع پر امدادی ٹیم موقع پر پہنچ گئی،ملبے سے 3بچوں کو زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا ،پولیس نے بتایا کہ اسپتال میں زخمیوں کی شناخت 7سالہ احمد ندیم ،5سالہ اسماعیل ندیم اور 12سالہ انیقہ ندیم کے نام سے کی ۔
پولیس کے زخمیوں کی شناخت 30سالہ منصور،55سالہ اللہ ڈنو اور50سالہ ممتاز بیگم کے نام سے ہوئی ہے














