
کراچی (رنگ نوڈاٹ کام ) ہیومن رائٹس نیٹ ورک نے سندھ ہائی کورٹ میں لوڈنگ گاڑیوں کے پر ایکسل لوڈ قانون مجریہ 2000
اور خطرناک مواد بشمول پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی محفوظ ترسیل کے لئے اوگرا قوانین مجریہ 2009 پر عملدرآمد کے لئے وفاق، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس کے خلاف پہلے سے دائر آئینی پٹیشن میں فریق بننے کی درخواست جمع کرا دی ہے، جس پر باقاعدہ سماعت کل ہوگی۔
ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے جوائنٹ سیکریٹری محمد طارق خان کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لئے حکومت پاکستان خطرناک مواد بشمول تیل، پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی ترسیل کے لئے اوگرا حفاظتی معیار پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور فی الفور متعلقہ قوانین کا اطلاق کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ پاکستان میں آئے روز حادثات ہوتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ قوانین پر عمل در آمد نہ ہونا ہے، قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچانے کے لئے حکومت پاکستان، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، موٹر وے اور ٹریفک پولیس کو پابند کیا جائے کہ روڈ سیفٹی سے متعلق قوانین کو سختی سے نافذ کرے، تاکہ آئے روز کے حادثات اور ان سے ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ تمام لوڈنگ گاڑیوں کو قوانین کے مطابق پر ایکسل لوڈ کا پابند کیا جائے اور اس سلسلے میں متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ محمد طارق خان نے کہا ہے کہ یہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت پر فرض ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ درخواست ہیومن رائٹس نیٹ ورک کی روڈ سیفٹی مہم کا حصہ ہے، درخواست کا مقصد حکومت کو اس کے فرائض یاد دلانا ہے۔
محمد طارق خان کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر حادثات سے بچاو اور انسانی جان و مال کے تحفظ کا یقینی بنانے کے لئے حکومت، عوامی نمائندوں اور متعلقہ حکام سے رابطوں کے ساتھ ساتھ بھرہور آگہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں پریس کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔




































