
سکھر(ویب ڈیسک ) سکھر کے علاقے غریب آباد کے بیری چوک پر واقع ایک چار منزلہ عمارت کے نیچے قائم دکانوں میں آتشزدگی کے ایک
المناک واقعہ میںاوپر قائم گھر میں موجود 4 افراد دم گھٹنے سے جاںبحق، خاتون سمیت تین افراد بے ہوش ہوگئے، جاں بحق ہونیوالوںمیں باپ اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں ۔
واقعہ کے مطابق دوکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی،جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کا دھواں دکانوں کے اوپر قائم گھر میں بھر گیا جس کی وجہ سے گھر میں موجود محمد جاوید ولد محمد ریحان اور اس کے دو بیٹوں محمد علیان اور محمد عمر، حیدرعلی سمیت چار افراد موقع پر دم گھٹنے کی وجہ سے فوت ہوگئے جبکہ خاتون مسمات اکبری، سہیل اور زلی شاہ بے ہو ش ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع پر ایدھی، فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو اداروں کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور جانبحق ہونیوالوں کی نعشوں اور زخمیوں کو گھر سے نکال کر فوری طور پر سول اسپتال سکھر پہنچایا جبکہ دکانوں میں لگنے والی آگ پر بھی قابو پانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں شروع کردیں اورتقریبا تین گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا، زخمیوں میں سے خاتون سمیت دو افراد کو نازک حالت کے باعث گمبٹ اسپتال لے جایا گیا ہے ۔














