خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 4 کیسز رپورٹ،کل تعداد91 ہوگئی

پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں،نئے کیسز لکی مروت، بنوں، اپر اور لوئر کوہستان

سے رپورٹ ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں ایک ہی وقت میں 4 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے۔ نئے پولیو کیسز لکی مروت، بنوں، اپر اور لوئر کوہستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضلع لکی مروت میں علاقہ بیست خیل تحصیل سرائے نورنگ کی 3 ماہ کی بچی کے نمونے 7 نومبر کو قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے جس میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
بچی نے پولیو سے بچاؤ کے کوئی قطرے نہیں پیئے تھے۔اسی طرح بنوں کے علاقے جانی خیل تحصیل وزیر کے 10 ماہ کے بچے کے نمونے بھی 31 اکتوبر کو لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔ بچے نے مختصر مدت میں اضافی ڈوزز میں صرف 5 ڈوزز حاصل کی تھیں جبکہ روٹین ایمونائزیشن میں صرف ایک ڈوز لی تھی۔ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ضلع کوہستان کی تحصیل پٹن سے 42 ماہ کی بچی کے نمونے27 اکتوبر کو قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے۔ جبکہ ضلع کوہستان اپر کی یونین کونسل کمالیہ تحصیل داسو میں 5 سال کی بچی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 91 تک پہنچ گئی۔