-اسلام آباد (ویب ڈیسک) کوویڈ19 کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے کئے گئے لاک ڈاؤن کے دوران پاکستان میں پانی کا استعمال 30 سے 40
فیصد بڈھ گیا۔ ماہرین آبی وسائل نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 20سیکنڈ تک ہاتھ دھونے کی احتیاطی تدابیر پر عمل کے دوران پانی کے نلکے کو بند رکھیں تاکہ پانی کے ضیاع کو روکا جا سکے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے لیے ابھی تک کوئی دوا دستیاب نہیں ہے۔اس لیے دنیا بھر کے طبی ماہرین اس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بار بار بیس سیکنڈ تک ہاتھ دھونے کی تاکید کر رہے ہیں اور مختلف حکومتی ادارے بھی شہریوں کو مختلف مقامات پر ہاتھ دھونے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔دوسری جانب پانی فراہم کرنے والے سرکاری اداروں نے بل ادا نہ کرنے والے صارفین کے کنکشن کاٹنے کا سلسلہ معطل کر دیا ہے اور پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
آبی وسائل کے ماہرین نے کہا ہے کہ شہری صفائی ستھرائی کا خیال رکھ رہے ہیں اور مسلسل ہاتھ دھو رہے ہیں جو اچھی بات ہے لیکن اس میں تشویش کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ پانی کے غیر محتاط استعمال سے پانی کے زیر زمین ذخائر پر دباؤ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ دھوتے ہوئے صابن کے استعمال کے دوران پانی والی ٹوٹی بند رکھ کر ایک فرد ایک وقت میں دو لیٹر تک پانی بچا سکتا ہے اور اگر پانچ افراد کا خاندان پانی کی بچت کا خیال کرے تو ایک دن میں کم از کم سو لیٹر سے زیادہ پانی ضائع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔














