
سری نگر(ویب ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس سے تیسری موت سامنے آئی ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق شمالی کشمیر
کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کامنگل کی سہ پہر ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں انتقال ہوگیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایس ایم ایچ ایس، ڈاکٹر نذیر چوہدری نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ متوفی کی موت COVID19 کی وجہ سے ہوئی ہے۔کورونا وائرس سنبل کے نوڈل آفیسر، سید شاہنواز بخاری نے تصدیق کی ہے کہ متوفی کوویڈ۔19 سے متاثر تھا اور اسے علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔بخاری نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے کوویڈ 19 پروٹوکول کے مطابق میت کی تدفین کرنے کو کہا گیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے 15مزید ٹیسٹ مثبت پائے گئے ہیں جس کے بعد،مقبوضہ علاقے جموں و کشمیر اور لداخ میں متاثرہ افراد کی تعداد 139تک پہنچ گئی ہے۔انتظامیہ کے ترجمان روہیت کنسال نے تصدیق کی ہے کہ ابتک مقبوضہ کشمیر میں کل 125 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 118 ایکٹو کیسز ہیں جن میں جموں ڈویژن میں 24 اور کشمیر میں 94کیسز ہیں۔ جموں ڈویژن میں منگل کو6 اور کشمیر میں 9 نئے کیسزسامنے آئے۔جبکہ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق لداخ انتظامیہ کے ترجمان رگزن سیمفل نے بتایاکہ اب تک سامنے آنے والے 14 مثبت کیسز میں سے 9 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔














