کروڑوں انسانوں سے زیادہ امیر،ملیے فرانس کی ارب پتی بلی سے

پیرس ( رنگ نو ڈاٹ کام) دنیا میں ا س وقت کروڑوں انسانی انتہائی غربت اور تنگ دستی کی زندگی گزاررہے ہیں جنہیں

دو وقت کا کھانا بھی بڑی مشکل سے ملتا ہے۔ تاہم آپ حیران رہ جائیں گے یہ جان کر کہ دنیا میں ایک ایسی امیر کبیر بلی بھی موجود ہے  جو کروڑہا انسانوں سے زیادہ دولت کی مالک ہے۔

 جی ہاں، ملئے اس خوش قسمت پالتو جانور سے جس کا نام ’ چوپیتی‘ ہے اور جو صرف دولت مندہی نہیں بلکہ شہرت مند بھی ہے۔ چوپیتی نامی یہ ’رئیس بلی‘ دو روز قبل انتقال کرنے والے جرمن نژاد مشہور فرانسیسی فیشن ڈیزائنز کارل لاگر فیلڈ کی پالتو تھی۔کارل لاگر فیلڈ کی موت  کے بعد خیال ہے کہ چوپیتی کو  کم سے کم 20 کروڑ امریکی ڈالر( پاکستانی 25 ارب روپے سے زائد )کی دولت مل سکتی ہے۔

کارل لاگر فیلڈ کی یہ بلی فیشن کی دنیا میں پہلے سے ہی خواتین ماڈلز جیسی شہرت رکھتی ہے اور کئی سال سے پرتعیش زندگی گزار رہی ہے۔اس بلی کو  کارل لاگرفیلڈ نے 2011 میں ایک نوجوان مرد ماڈل سے حاصل کیا تھا۔ چوپیتی کو کارل لاگر فیلڈ اپنی بچی قرار دیتے تھے اور کئی بار انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی بلی دنیا کی امیر ترین لڑکی کی طرح ہے۔

انہوں نے اس بلی کے نام سے خواتین کے مہنگے ملبوسات بھی متعارف کروائے تھے۔اس بلی کی حفاظت کے لیے 2 سیکورٹی گارڈز تعینات ہیں جب کہ اسےچاندی کی پلیٹوں میں انتہائی لذیذ کھانے پیش کیے جاتے ہیں۔