بنگلہ دیش میں مسافر طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش ناکام

ڈھاکہ (ویب ڈیسک،فوٹو:اے پی)بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں ایئرپورٹ پر کمانڈو آپریشن کر کے دبئی جانے والے

مسافر جہاز کو ہائی جیک کرنے کے کوشش ناکام بنادی گئی اور کارروائی کے دوران مسلح ہائی جیکر ہلاک ہوگیا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈھاکا سے دبئی جانے والی پرواز بنگلہ دیش بیمان کے مسافر طیارے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کے بعد چٹاگانگ میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی۔

حکام کے مطابق طیارے میں سوار 134 مسافروں اور 14 افراد پر مشتمل عملے کو جہاز سے بحفاظت اتارنے کے بعد اسپیشل فورسز نے طیارے کو حصار میں لیا تھا۔

بنگلہ دیشی فوج کے ترجمان میجر جنرل مطیع الرحمٰن نے بتایا کہ ’ہمارے کمانڈوز نے ہائی جیکر سے ہتھیار ڈالنے کا کہا تھا لیکن اس نے انکار کیا اور مزاحمت کی‘۔

فوجی ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ مشتبہ ہائی جیکر کی عمر محض 25 یا 26 سال تھی جس کی شناخت مہدی کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی جیکر آپریشن کے دوران زخمی ہوا تھا تاہم بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوئی۔

مطیع الرحمٰن نے کہا کہ ’اس حوالے سے تفتیش کی جائے گی کہ ہائی جیکر پستول کی موجودگی میں ایئرپورٹ سیکیورٹی سے کیسے گزرا‘۔انہوں نے کہا کہ ’ تحقیقات میں کچھ وقت لگے گا‘۔

آپریشن سے قبل بنگلہ دیشی آرمی، نیوی اور ایلیٹ پولیس کی جانب سے ایئرپورٹ کو سیل کردیا گیا تھا تاکہ ڈھاکا سے دبئی جانے والے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔

ایک مسافر نے چٹاگانگ میں صحافیوں کو بتایا کہ ’ ڈھاکا سے اڑان بھرنے کے صرف 10 منٹ بعد ہائی جیکر نے 2 فائر کیے تھے‘۔

اس حوالے سے ایئر وائس مارشل موفد نے کہا کہ انہوں نے مبینہ ہائی جیکر کو فون پر بات چیت میں مصروف رکھا اتنی دیر میں اسپیشل فورسز کے یونٹس نے ڈرامائی چھاپے کی تیاری کرلی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ’ ہائی جیکر نے وزیراعظم شیخ حسینہ سے بات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔