قابض بھارتی فوج نے 3 کشمیری شہید کردیئے،وادی میں ہڑتال

سری نگر(ویب ڈیسک )مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 3 کشمیری نوجوان کوگولیاں مار کر شہید کردیا

جب کہ کشمیر پولیس کا ڈی ایس پی ہلاک اور ایک میجر شدید زخمی ہوا ہے۔

بین الاقوامی خب رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیرکے ضلع کولگام میں سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی امان ٹھاکر ہلاک اور بھارتی فوج کا ایک میجر بھی شدید زخمی ہوا ہے۔

دوسری جانب حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیری عوام بھارتی جارحیت کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں۔ پوری وادی میں ہُو کا عالم ہے اور سڑکوں، مارکیٹوں اور گلیوں میں مکمل سناٹا ہے۔

حریت رہنماؤں نے پلوامہ حملے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلاجواز چھاپے، گرفتاریاں، چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کرنے اور بھارتی آئین کے آرٹیکل 35-اے کو ختم کرنے کی مودی سرکار کی مذموم سازش کے خلاف پُر امن شٹرڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی تھی۔

اس موقع پر تمام تعلیم ادارے بند، کاروباری سرگرمیاں معطل اور ذرائع آمد و رفت ناپید ہیں جبکہ  بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس اور موبائل نیٹ ورک بند کردیئےہیں، جگہ جگہ ناکے لگا کر شہریوں کو تلاشی کے نام بے عزت کیا جا رہا ہے۔  اہم شاہراؤں پر بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔