جیاپرادا بی جے پی میں شامل،ارمیلانے کانگریس جوائن کرلی

نئی دہلی(رنگ نوڈاٹ کام) اب جبکہ انڈیا میں پارلیمانی انتخابات کا میدان سجنے میں ایک ماہ کا وقت رہ گیاہے،ملک کی مشہورشخصیات نے بھی کھیل کا حصہ

بننے کا عمل شروع کرتے ہوئے مختلف سیاسی جماعتوں میں چھلانگیں لگانا شروع کردی ہیں۔ ان میں اداکارہ ارمیلامٹونڈکر اور جیا پرادا بھی شامل ہیں۔

 طویل عرصہ سماج وادی پارٹی میں رہ کر حکومتی عہدوں کے مزے لوٹنے والی ماضی کی دلکش اداکارہ جیا پرادا  نے بے وفا ہیروئن کی طرح الیکشن سے عین پہلے اپنی پرانی پارٹی کو ٹاٹا بائی بائی کہتے ہوئے مودی کی انتہاپنسد ہندو حکمراں جماعت بی جے پی کو جوائن کرلیا ہے۔

 قوی امکان ہے کہ بی جے پی اُنہیں سماج وادی پارٹی کے ہیوی ویٹ  رہنما اعظم خان کے خلاف رام پور سے انتخابی اکھاڑے میں اتارے گی۔

ادھرچمکیلی آنکھوں والی بولی ووڈ کی  معروف اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر نے حزب اختلاف کی جماعت کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

ارمیلا نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ  وہ کانگریس کے نظریات پر یقین رکھتی ہیں اسی وجہ سے یہاں ہیں۔ارمیلا جی نے راہول گاندھی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں اور انڈیا کو ایسے ہی لیڈر کی ضرورت ہے۔