
واشنگٹن :امریکا نے ایران کے مذہبی پیشوا خامنہ ای سے براہ راست احکامات لینے والی ایرانی ایلیٹ فورس ’پاسداران انقلاب‘ کو دہشت گرد تنظیم قراردیتےہوئے
اس پر پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی ریولوشنری گارڈز(پاسداران انقلاب) کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قراردینے کا مقصد ایران کے خلاف دباؤ میں اضافہ کرنا ہے۔
امریکی صدر نے ایرانی پاسداران انقلاب پر پابندیاں بھی لگادی ہیں جن کے تحت اس تنظیم کے اثاثے منجمد کردیئے گئے ہیں،جبکہ تمام کمپنیوں کو بھی اس تنظیم کے ساتھ کسی بھی طرح کے کاروبار سے روک دیا گیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہے کہ ایران ایک ایسی ریاست ہے جو دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہے، جبکہ پاسداران انقلاب دہشت گردی کو بڑھانے اور اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے علاوہ اسے ایک ریاستی آلے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔














