
نئی دہلی( رنگ نوڈاٹ کام) بھارت میں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کے اقتدار میں واپس آنے پر سول سوسائٹی اور حقوق انسانی
کے کارکنوں نے تشویش کا اظہارکیا ہے۔
حقوق انسانی کے کارکن اور انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس کے سابق افسر ہرش مندر کا کہنا ہے کہ مودی کی یہ کامیابی اس بات کی علامت ہے کہ ہندوؤں کی واضح اکثریت نے ہندو قوم پرست جماعت اور بی جے پی کی مربی تنظیم آر ایس ایس کے ہندوؤں کے بالاتری کے نظریہ کو تسلیم کرلیا ہے۔
یہ بھارتی آئین کے سیکولر اور انسانی قدروں کوترک کرنے اور اس کی جگہ پر ایک پرتشدد اور اندھی اکثریتی ہندو قوم پرستی کی آمدکا اشارہ بھی ہے۔
ہرش مندر کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد آر ایس ایس کو اپنا ایجنڈا اور نظریہ نافذ کرنے کا پہلے سے زیادہ موقع مل جائے گا اور عام انتخابات کے ان نتائج سے سول سوسائٹی، میڈیا اور تعلیمی اداروں میں مودی اور آر ایس ایس کے نظریات سے اختلاف کرنے والے بائیں بازو، لبرل اور جمہوری آوازوں کے لیے مشکلات بڑھ جائیں گی۔














