
سری نگر (ویب ڈیسک ) مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف سرینگر میں
خواتین کے احتجاجی مظاہرے کے دوران بھارتی فورسز نے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کی بیٹی اور بہن سمیت بڑی تعداد میں خواتین کو گرفتار کرلیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے لال چوک کے قریب واقع پرتاپ پارک میں خواتین نے بھارت کی طرف سے دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوںنے پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے۔
مظاہرین نے جیسے ہی احتجاج شروع کیا تو پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے درجن سے زائد خواتین کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار کی گئی خواتین میں فاروق عبداللہ کی بہن ثریا عبداللہ ، انکی بیٹی صفیہ عبداللہ خان اور جموں وکشمیر کے سابق چیف جسٹس بشیر احمد خان کی بیٹی حوا بشیر بھی شامل ہیں۔














