کشمیر ی عوام خوف زدہ، ہر انچ پر ایک فوجی کھڑا ہے:یشونت سنہا

سری نگر (اویب ڈیسک)وادی کشمیر کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے آنے والے پانچ افراد پر مشتمل وفد کا تین روزہ

دورہ اختتام پذیر ہوگیا۔ دورے کے دوران وفد نے ہر طبقے کے لوگوں سے ملاقات کی اور وادی میں پانچ اگست کے بعد عوام کو درپیش مشکلات اور نقصانات کی معلومات حاصل کیں۔
سابق رکن پارلیمان یشونت سنہا نے صحا فیو ں سے گفتگو کے دوران کہا کہ پانچ اگست کے بعد سے وادی کے عوام خوفزدہ ہیں۔ وہ کسی سے کھل کر بات نہیں کرنا چاہتے۔ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے حالات ٹھیک نہیں ہیں۔ ہم جنوبی کشمیر کے اضلاع پلوامہ، شوپیاں اور اننت ناگ جانا چاہتے تھے لیکن ہمیں جانے کی اجازت نہیں ملی۔ ہم نے پھر سرینگر کے نزدیک واقع ضلع بڈگام جانے کی بات کی تو وہاں کی اجازت بھی نہیں ملی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پلوامہ نہیں جا سکے لیکن وہاں کے لوگ ہم سے ملنے آئے۔ ان کے علاوہ وادی کے ہر طبقے سے وابستہ افراد نے ہم سے ملاقات کی اور اپنی پریشانیوں سے ہمیں آگاہ کیا۔سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی بات پر ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے ہمیں ان سے ملنے نہیں دیا لیکن کچھ دیر کے لیے فون پر فاروق عبداللہ سے بات ہوئی تھی۔ وہ قوم پرست ہونے کے ساتھ ساتھ رکن پارلیمان ہیں لیکن ان کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں پارلیمنٹ میں حاضر ہونے کی اجازت بھی نہیں ہے۔