
ریاض ( ویب ڈیسک،فوٹو : اسکرین شارٹ )وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ پہنچے جہاں
انہوں نے مسجدِ نبوی ﷺ میں حاضری دی اور روضۂ رسول ﷺ پر حاضری کے دوران سلامِ عقیدت پیش کیا۔
وزیرِ اعظم گزشتہ شب جدہ سے مدینہ منورہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان نے کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم اور ان کے وفد کے لیے روضۂ رسول ﷺ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے،حاضری کے دوران وزیرِ اعظم نے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور دنیا بھر میں امن و آشتی کے قیام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے دورۂ خلیج کے اگلے مرحلے میں مدینہ منورہ سے دوحہ روانہ ہوں گے، جہاں وہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں باہمی تعلقات، سرمایہ کاری اور علاقائی امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف گزشتہ روز اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے تھے، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون سمیت اہم امور پر گفتگو کی گئی۔





































