
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل )وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کی
مالی معاونت آئندہ ہفتے تک موصول ہونے کی توقع ہے۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ان کی سعودی وزیر خزانہ سے تفصیلی ملاقات ہوئی، جبکہ اس سے قبل اسلام آباد میں بھی اہم بات چیت ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ رقم اضافی ڈپازٹس کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔
وزیرِ خزانہ نے مزید بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے 1.4 ارب ڈالر کی ادائیگیاں بروقت مکمل کی ہیں اور آئندہ بھی تمام مالی ذمہ داریاں وقت پر پوری کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور قطر کی جانب سے مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے،اس کے علاوہ موجودہ ڈپازٹس کی مدت میں توسیع پر بھی غور جاری ہے جس کے تحت سالانہ رول اوور کے بجائے ان کی میچورٹی 2028 تک بڑھائی جا سکتی ہے۔
محمد اورنگزیب نے اس موقع پر محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔





































