
طیبہ شاکر
ہلکی ہلکی دبی دبی سسکیاں۔۔۔۔۔۔۔ کہاں سے آرہی ہے یہ آواز۔ چاروں طرف نظر دوڑائی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کچھ دکھائی نہیں دے رہا آواز ہے کہ مستقل بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
دل کی عجب حالت ہے ۔یا اللّہ یہ کون مظلوم ہے جو اتنی گریہ و زاری کر رہا ہے، تڑپ کر ادھر ادھر دیکھا کہیں کوئی نظر نہیں آرہا۔ اچانک ایک چیخ بلند ہوئی کہاں ہو تم امت مسلمہ ؟؟؟؟؟؟؟؟ مجھ پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں میرے معصوم بچوں کو تہہ تیغ کیا جا رہا ہے ۔
عورتوں کی عزت پامال ہو رہی ہے ،نوجوان ، بوڑھے اور کمزور بموں کی بھینٹ چڑھائے جا رہے ہیں کسی کو کوئی پروا نہیں۔۔۔۔۔ کیوں آخر کیوں ایسا ہو رہا ہے کیا میں ارض فلسطین نہیں ہوں ؟ کیا میں انبیاء کی میراث نہیں ہوں ؟
تم لوگ آخر اتنے ظالم کیسے ہو سکتے ہو ؟
میرے چاروں طرف اسلامی ممالک کا ایک جھرمٹ ہے مگر کسی میں اتنی طاقت نہیں کہ ایک نکتہ کے برابر اسرائیل کا مقابلہ کر سکیں۔۔۔۔۔۔۔ وہ کون لوگ تھے جو تین سو تیرہ ہو کر بھی ہزاروں پر غالب آجاتے تھے تم لاکھوں کروڑوں ہو کر بھی میرا تحفظ نہ کر پائے افسوس صد افسوس حمیت جس کا نام تھا گئی تیمور کے گھر سے ۔
چیخیں ہیں کہ بلند سے بلند تر ہوتی جا رہی ہیں کوئی پرسانِ حال نہیں ۔ صلاح الدین ایوبی کہاں ہو تم ، محمد بن قاسم کو پکاروں ، کہاں چلے گئے تم سب !!!!!!!!! خدارا ہوش کے ناخن لو آج یہ قیامت مجھ پر برپا ہے، اللّہ نہ کرے میرے منہ میں خاک کہیں کل تم بھی اس تباہی کا شکار نہ ہو جاؤ اٹھو کہ اقصیٰ پکارتی ہے اللّہ کا فرمان ہے کہ " اگر تم نہ اٹھو گے تو اللہ تمہاری جگہ دوسری قوم کو لے آئےگا اور وہ تمہاری طرح نہ ہو گے ۔ "
مجھے تو اللہ کے نبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کا وہ فرمان یاد آرہا ہے کہ " آپ ص نے فرمایا کہ ایک ایسا وقت آئے گا کہ تم پر دوسری اقوام ایسے ٹوٹیں گی جیسے بھوکا دسترخوان پر ٹوٹتا ہے۔ صحابہ نے عرض کی یا رسول اللّٰہ کیا ہم تعداد میں اتنے کم رہ جائیں گے۔
نبئ مہربان صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے فرمایا ، نہیں تعداد میں تم بہت زیادہ ہو گے لیکن تمہیں " وہن " کی بیماری لگ جائے گی ۔ پوچھا یہ وہن کیا ہوتا ہے ؟ آپ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم نے فرمایا ، دنیا کی محبت اور موت سے نفرت "
قربان جائیں آقائے نامدار صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم پر کیا سچ فرمایا ، آج ہم اسی " وہن " کا شکار ہیں ۔
اللّہ پاک ہمیں اس بیماری سے نجات عطا فرمائے اور ہمیں پکا سچا مسلم مومن بنا دیں ۔ آمین ثم آمین یا ربّ العالمین




































