
طیبہ شاکر
اب کے ہم بچھڑے تو شاید کبھی خوابوں میں ملیں
جیسے سوکھے ہوئے پھول کتابوں میں ملیں
جی ہاں! ایسا ہی کچھ حال ہمارے کراچی کا ہے کہ کوئی پرسان حال نہیں ، اس کا جو بھی آتا ہے بلا شرکت غیرے اس پر قبضہ جماتا ہے اور شیر مادر سمجھ کر اسے ہڑپ کرنے میں لگ جاتا ہے۔اس کی ترقی اور بھلائی کا کسی کو خیال تک نہیں آتا مگر افسوس! یہاں پر رہنے والے بھی سب کچھ جانتے بوجھتے بھر بھر کے جھولیاں انہیں ووٹ ڈالتے ہیں اور پھر پانچ سال تک اپنے نصیبوں کو کوستے ہیں۔
آخر ایسا کب تک چلے گا ؟
اے اہل کراچی! اپنے حق کو پہچانیے یہ بہتے گٹر ، ٹوٹی سڑکیں ، چنگچی رکشے ، کھیل کے میدانوں کی بربادی ، تعلیم کی خستہ حالی، کون ہے ان سب کا ذمہ دار؟؟؟ کبھی تو سوچا ہو گا آپ نے ، کبھی تو دل میں خلش پیدا ہوئی ہوگی کہ ہمارے ساتھ ہی یہ سب کیوں ہو رہا ہے؟؟؟ پاکستان کی معیشت چلانے والا ، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا، اپنے پرائے کا غم خوار اس طرح ذلیل و خوار !!!!! آخر کیوں؟ وجہ صاف ظاہر ہے اس " منی پاکستان " کو کوئی اپنا سمجھنے کے لئے تیار ہی نہیں جو آتا ہے اسے لوٹتا کھسوٹتا ہے ، اپنی جیبیں اور خزانے بھرتا ہے اور رخصت ہو جاتا ہےلیکن اب ایسا نہیں چلے گا ۔ اب کچھ دیوانے اور فرزانے نکل آئے ہیں جو اپنا حق لینا جانتے ہیں اگرچہ یہ بہت پہلے سے موجود ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
مئیر افغانی اور نعمت اللہ خان صاحب تو آپ کو یاد ہی ہوں گے انہوں نے اس شہر کو کہاں سے کہاں پہنچا دیا تھا، اس کراچی کو ایسا ترقی یافتہ بنا دیا تھا کہ اپنے تو اپنے غیر بھی انگشت بدنداں رہ گئے تھے ۔ آج پھر وہی لوگ آپ کے در پر موجود ہیں وہ سوائے " ووٹ " کے آپ سے کچھ نہیں مانگتے بلکہ وہ تو اپنا تن من دھن آپ پر لٹانے کے لیے تیار ہیں۔
آئیے ان کا ساتھ دیجئے اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل بہتر بنائیں، اس اندھیر نگری کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں ،یہاں پھر سے امن کے گیت گنگنائیں پھر سے اپنے شہر کو علم وادب کا گہوارہ بنائیں ، اس کے لئے آپ کو نیک قیادت کو آگے لانا ہو گا، جوآپ کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھتے ہیں، پھردیکھیے گا یہاں کیسے خوشحالی کے در وا ہوں گے۔ ہر ایک کو اس کا حق ملے گا اور کوئی مفلوک الحال اور مفلس نہ رہے گا کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے ۔۔
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا



































