بھارتی فوج کی دہشت گردی ، مزید تین نوجوانوں کو شہید کر دیا

سرینگر(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی

تاز ہ کارروائی کے دوران ضلع راجوری میں تین نوجوان شہید کر دیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے نوشہرہ میں کھاری تھریٹ کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

 قابض فوجیوں نے علاقے میں تلاشی کی کارروائی منگل کے روز شروع کی تھی جو آخری اطلاعات تک جاری تھی۔ قبل ازیں منگل کی شب اسی علاقے میں ایک حملے کے دوران دو بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ دریں اثنا مسلسل151 ویںروز بھی جاری رہنے والے بھارتی محاصرے کے باعث وادی کشمیر اور جموںاور لداخ کے مسلم اکثریتی علاقوں میں صورتحال بدستور ابتر رہی۔گزشتہ برس پانچ اگست سے دفعہ 144کے تحت پابندیاں نافذ جبکہ بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

 وادی کشمیر کے رہائشیوں کیلئے پر ی پیڈموبائل فون اور انٹرنیٹ سروز بدستور معطل ہیں۔ سٹوڈنٹ اینڈ یوتھ فورم کے چیئرمین منظور احمد بٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں جاری فوجی محاصرے کی مذمت کی ہے۔

ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے علیل چیئرمین سیدعلی گیلانی کے اہلخانہ نے سرینگر میں میڈیا کو بتایا ہے کہ حریت چیئرمین کی صحت اب مستحکم ہے اور لوگ اس حوالے سے افواہوںپردھیان نہ دیں۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ چند دنوں سے شدید سرد موسم کی وجہ سے سیدعلی گیلانی کی صحت متاثر ہو ئی تھی۔ تاہم اب انکی صحت مستحکم اوروہ گھر پر ہی زیر علاج ہیں۔بھارتی قابض انتظامیہ نے حریت چیئرمین کو گزشتہ دس سال سے زائد عرصے سے گھر میں نظربند کر رکھا ہے اور انہیں علاج معالجے کی مناسب سہولتیں بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس سے انکی صحت بری طرح متاثرہوئی۔