
لندن(ویب ڈیسک )کورونا کی روک تھام کے لئے جو ہو سکتا تھا نہیں کیا گیا۔ دنیا بھر میں جاری کورونا وائرس کی صورتحال پر
برطانوی میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر قیادت کی کمی کے باعث کورونا کو روکنے میں ناکامی ہوئی۔ اہم ممالک الزام تراشی کیبجائے کوروناکے خاتمے کے لئے مل کر کام کریں۔بات کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ اہم ممالک قریب آئیں اور ایک سسٹم بنائیں جس میں لاک ڈاون کے خاتمے، کاروبار کھولنے اور اس کی بحالی کی حکمت عملی ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے عالمی سطح پر ردعمل دیکھ کر ہمیں افسوس ہوا ہے، ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیئے۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف اقدامات اور لاک ڈاون کے معاملے میں ہر ملک کی اپنی پالیسی نے ان کے لئے مشکلات پیدا کی ہیں، موجودہ حالات میں ڈبلیو ایچ او کو ہر ممکن ذرائع ملنے چاہئیں او رہر ملک کو اس کی دی گئی ہدایات کے مطابق کام کرنا چاہیے۔اس پر مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ترقی پذیر ممالک کو عالمی ادارہ صحت کا متبادل کچھ نہیں مل سکتا، جب تک جنوبی دنیا میں کورونا ختم نہیں ہوگا شمالی دنیا بھی خاتمے میں کامیاب نہیں ہوسکتی۔














