سرینگر، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیان میں تین کشمیری نوجوان شہید

سرینگر (ویب ڈیسک )غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی

تازہ کارروائی میں ضلع شوپیاں میںتین کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چیک چولان میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔
فوجیوں نے بھاری ہتھیاروں اور کیمیائی مادے کا استعمال کرکے ایک رہائشی مکان کو بھی تباہ کردیا۔ قابض حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی اور علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا۔ صحافیوں کو بھی فوجی آپریشن کی کوریج کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارتی فوجیوں نے 5 اگست 2019 سے اب تک ایک درجن خواتین سمیت 484 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے گزشتہ روزجاری ایک رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے زیادہ افراد کو جعلی مقابلوں میں یا دوران حراست شہید کیا،رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اٹھایا جاتا ہے اور پھر انہیں مجاہدین یا مجاہد تنظیموں کے معاونین کا جھوٹا لیبل لگا کرشہید کردیاجاتا ہے۔