
سائوتھمپٹن(ویب ڈیسک)انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 12 رنز سے شکست دیدی ،جیت میں
انگلینڈ کے وکٹ کیپر بٹلر کی بیٹنگ نے اہم کردارادا کیا۔
ک۔ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے 374 رنز کے بڑے ہدف کا پاکستان نے بھرپور مقابلہ کیا۔ تاہم فتح کے قریب پہنچ کر ہمت ہاردی ۔قومی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 361 رنز بنائے۔
اوپنر فخر زمان نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے میدان کے چاروں جانب زبردست اسٹروکس کھیلے اور سنچری مکمل کی، وہ 106 گیندوں پر 138 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ان کی اننگز میں 4 شاندار چھکے اور 12 دلکش چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم اور فخر زمان نے تیزرفتاری سے132 رنز بناے جب کہ آصف علی کی 51 رنز کی برق رفتار اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔
امام الحق 35،حارث سہیل نے 14،عماد وسیم 8 اور فہیم اشرف 3 رنز بناسکے،کپتان سرفراز احمد 41 اور حسن علی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو انگلینڈ کے بلے بازوں نے قومی باؤلرز کی خوب پٹائی کی اور صرف 3 وکٹوں پر 374 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کردیا۔
بٹلر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 110 رنز کی شانداری بیٹنگ کی ۔کپتان مورگن 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جیسن روئے 87، بیرسٹو 51 اور جوئے روٹ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔














