زمبابوے نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 19 رنز سے شکست دے دی

ہرارے(اسپورٹس ڈیسک)زمبابوے نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کو 19 رنز سے

شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی، 119 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 99 پر ہی ڈھیر ہوگئی، لیوک جونگوے 4 وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی میچوں میں یہ زمبابوے کی پہلی فتح ہے۔ جمعہ کو ہرارے میں کھیلے گئے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
زمبابوے کی ٹیم مقررہ20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنا سکی۔ زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز تناشی کمن ہکاموی اور برینڈن ٹیلر نے کیا ۔ کپتان برینڈن ٹیلر 5 رن بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ کمن ہکاموی 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ویسلے مدہیویرے نے 16 رنز ، ریگس چکابوا 18 اور تدی وندشی مرومانی13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ تری سائی مساکانڈا 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے دانش عزیز اور محمد حسنین نے 2,2 جبکہ فہیم اشرف، عثمان قادر، ارشد اقبال اور حارث رﺅف نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 119 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 99 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستانی بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ زمبابوے کے باﺅلرز نے پاکستانی بلے بازوں کو مسلسل دباﺅ میں رکھا اور یکے بعد دیگرے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں۔ کپتان بابراعظم کے علاوہ کوئی بلے باز قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ بابراعظم 45 بالوں پر 41 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔
رنز مشین محمد رضوان آج بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔ وہ 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ اپنے کیریئر کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے والے دانش عزیز 24 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔
فخر زمان 2، محمد حفیظ 5 اور محمد آصف ایک رن بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ فہیم اشرف نے 2 رنز بنا سکے۔ حارث رﺅف 6 ، عثمان قادر اور ارشد اقبال صفر پر آﺅٹ ہوئے۔ لیوک جونگوے نے 4 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔
ریان بری نے دو جبکہ بلیسنگ موزارابانی اور رچرڈ نگاراوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ زمبابوے نے پاکستان کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔