
لاہور(رنگ نو اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پری سیزن کیمپ میں شرکت کے لیے 20 کھلاڑیوں کو قومی کرکٹ اکیڈمی
( این سی اے) طلب کرلیا ہے۔سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 14 کرکٹرز سمیت 20 کھلاڑی 19 اگست کو این سی اے میں رپورٹ کریں گے۔2 روزہ فٹنس ٹیسٹ کے بعد کھلاڑی 22 اگست سے 7 ستمبر تک کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت کریں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کیمپ کمانڈنٹ ہوں گے۔اظہر علی انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ سے معاہدہ مکمل کرنے کے بعد کیمپ جوائن کرلیں گے۔بابراعظم، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عباس اور محمد عامر کو کاؤنٹی سیزن کے باعث کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے۔سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، حارث سہیل، حسن علی، امام الحق اور محمد رضوان کو کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔ جبکہ قومی کپتان سرفراز احمد، شاداب خان،شاہین شاہ آفریدی،شان مسعود، عثمان شنواری، وہاب ریاض اور یاسر شاہ کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔نان سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں میں آصف علی، بلال آصف، افتخار احمد، میر حمزہ، راحت علی اور ظفر گوہر کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کاکہنا ہے کہ کیمپ کے دوران ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کے لیے کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ٹیسٹ کرکٹ کی تیاری کے لیے پاکستان کے کامیاب ترین کپتان مصباح الحق کا تجربہ کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بین الاقوامی کرکٹ کے آئندہ 42 میں سے 30 روز ٹیسٹ کرکٹ کھیلنی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انگلینڈ اور ویلز میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے میں مصروف 5 کھلاڑیوں کی قائداعظم ٹرافی میں شرکت لازمی قرار دی گئی ہے۔














