بھارت کوعبرتناک شکست

مانچسٹر(رنگ نو ڈاٹ کام) انگلینڈ اور ویلز میں جاری کرکٹ کے 12ویں عالمی مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میں کیوی

ٹیم نے بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے کوہلی الیون کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔

 دو روز پر محیط ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 18 رنز سے شکست کا کڑوا مزا چکھنے کے ساتھ ساتھ ورلڈکپ نہ جیت سکنے اور ٹورنامنٹ سے ایک بار پھر خالی ہاتھ گھر واپس جانے کا گہراصدمہ برداشت کرنا پڑا۔

 مانچسٹر کےاولڈ ٹریفرڈ اسٹیڈیم  میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے منگل کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے46.1اوور میں 211رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی اور میچ مکمل نہ ہوسکا۔

بدھ کو نیوزی لینڈ نے اپنی ادھوری اننگز مکمل کرتے ہوئے50اوورز میں 239رنز بنالئے اوور انڈیا کو جیت کیلئے 240 رنز کا ہدف دیا ۔

یوں لگ رہا تھا کہ انڈیا باآسانی اس ہدف کا تعاقب کر لے گا لیکن ایسا نہ ہوسکا اور انڈیا کو آغاز میں ہی یکے بعد دیگرے تین نقصان اٹھانے پڑے۔ انڈین بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اوپنر روہت شرما،راہل،اور کپتان ویرات کوہلی تباہ کن کیوی بولنگ کی مار نہ سہ سکے اور تینوں بھارتی بلے ایک،ایک رن بناکرپویلین واپس لوٹ گئے۔اس مرحلے پر صرف5رنز کے مجموعی اسکورپرانڈیا کی 3وکٹیں گرچکی تھیں اور دیکھنے والوں کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آرہا تھا۔اس کے بعد دنیش کارتک صرف 6 رنز بنا کر 24 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے پانچویں وکٹ کے لیے ہردک پانڈیا اور رشبھ پنت نے 47 رنز کی شراکت بنائی اور اسکور کو 71 رنز تک پہنچایا۔ تاہم پنت 32 رنز بنا کر ساتھ چھوڑ گئے۔ پھرتجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز اورسابق کپتان مہندرسنگھ دھونی بیٹنگ کے لیے آئے۔انہوں نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے پانڈیا کے ساتھ 21 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔ اس دوران پانڈیا ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

 اس وقت بھارت کا اسکور 6 وکٹوں پر 92 رنز تھا۔ پھردھونی نے رویندرجدیجا کے ساتھ 116 رنز کی شان دار شراکت بناکر بھارت کے فائنل تک رسائی کے امکانات روشن کردئیے جبکہ جدیجا نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری بنائی۔جدیجا 59 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس وقت بھارت کو جیت کے لیے مزید 32 رنز درکار تھے۔ اس موقع پرانڈیا کی فتح  دکھائی دینے لگی تھی۔ مگر یہ انڈیا کیلئے ایک بہت برا دن تھا۔

دھونی بھارت کو جیت کے قریب لا کر 216 کے اسکور پر اپنی ففٹی مکمل کرنے کے بعد دوسرا تیز رن لیتے ہوئے مارٹن گپٹل کی شان دار فیلڈنگ کا نشانہ بن گئے۔اس کے بعد فرگوسن نے بھونیشور کمار کی وکٹیں بھی اڑا دیں، یوں بھارت کی فائنل تک پہنچنے کی امیدیں دم توڑنے لگیں۔بھارت کی پوری ٹیم آخری اوور میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں اسے 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری سب سے تین وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔بھارت کو شکست دے کر  نیوزی لینڈ نے  لگاتار دوسرے ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔