ورلڈ کپ کے بعد پہلا استعفیٰ،انضمام الحق سبکدوش

لاہور(ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق 3 سال بعد اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش

ہوگئے۔تاہم انہوں نے کسی اور عہدے پر کام کرنے کیلئے آمادگی کا بھی اظہار کیا ہے۔بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انضمام الحق نے اپنے معاہدے میں توسیع نہ لینے کا اعلان کیا ۔

ان کاکہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی سے کہا ہے کہ مجھے عہدے کی مدت میں اضافہ نہیں چاہیے، میری ذمہ داری کی مدت اس ماہ کی 30 تاریخ تک ہے۔انضمام الحق ورلڈ کپ کے بعد مستعفی ہونے والے پہلے شخص ہیں۔وہ پاکستان کرکٹ کے سب سے بااختیار اور متنازع چیف سلیکٹر رہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی بہتر تھی لیکن ہم بدقسمت رہے۔ پی سی بی کے چیئرمین اور ایم ڈی کو اپنے  فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میرے دور میں فخر زمان، شاداب خان، امام الحق اور بابر اعظم سمیت کئی نوجوان کھلاڑیوں کو ڈیبیو کروایا گیا، یہ کھلاڑی مزید کئی سال ٹیم کے لیے کھیلیں گے،میری ترجیح ہمیشہ پاکستان کرکٹ رہی ہے، 11 کھلاڑیوں کے انتخاب میں کپتان اور کوچ مجھ سے مشورہ لے سکتے تھے، لیکن فیصلہ میرا نہیں ہوتا تھا، کپتان سرفراز احمد، کوچ مکی آرتھر اور میری سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے مشکل وقت میں متحد ہو کر محنت کی، خواہش ہے کہ پی سی بی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کیلئے نئے چیف سلیکٹر کا اعلان کرے،آنے والے لوگوں کو پورا وقت ملنا چاہیے۔

انضمام الحق نے ایک سوال کے جواب میں  کہا کہ اگر بورڈ مجھے سلیکشن کے علاوہ کوئی اور ذمہ داری دے گا تو میں حاضر ہوں، البتہ بورڈ کی جانب سے ابھی تک کوئی آفر نہیں آئی ہے۔