محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع

لاہور: قومی کرکٹر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔اس حوالے سے پہلے ہی پیشگوئیاں کی جارہی تھیں کہ عامر

ورلڈکپ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے 36 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں 119 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ محمد عامر کا شمار موجودہ دور کے بہترین ٹیسٹ بولرز میں ہوتا ہے، قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم گراونڈ اور ڈریسنگ روم میں محمد عامر کی کمی محسوس کرے گی۔
اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلامیہ میں محمد عامر نے کہا کہ میرے لئے یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، تاہم میں پاکستان کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتا رہوں گا،کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا، آئندہ میچز اور آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 میں شرکت کے لیے اپنی فارم اور فٹنس برقرارکھنے کی کوشش کروں گا، پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع دیا۔