
ٹورنٹو(اسپورٹس ڈیسک)کینیڈا میں جاری گلوبل ٹی20 ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے پاکستانی لیگ اسپنر
شاداب خان کی بولنگ کا حشرنشر کردیا۔
جارح مزاج کرس گیل نے وینکوور نائٹس کی طرف سے کھیلنے والے شاداب خان کے ایک اوور میں 32رنز بناڈالے اور اپنی ٹیم ایڈمنٹن رائلز کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔شاداب نے میچ کا 13واں اوور کرایا جو ان کے لئے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا۔ کرس گیل نے ان کی پہلی دو گیندوں پر چھکے لگانے کے بعد اگلی دو گیندوں پر چوکے جڑ دیئے اور پھر اوور کی آخری دو گیندوں پر بھی چھکے لگاڈالے۔
گیل کی شاندار اننگز کی بدولت ایڈمنٹن نے میچ میں باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔ اس میچ میں شاداب خان نے اپنے چار اوورز کے کوٹے میں 66رنز دیئے جبکہ بیٹنگ میں بھی وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔














