پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ نے عریبین سی ٹائٹل فائٹ ملتوی کردی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پروفیشنل باکسنگ لیگ (پی پی بی ایل) نے عریبین سی ٹائٹل فائٹ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی،

یہ ایونٹ 24 اپریل کو اسلام آباد میں ہونا تھا جس میں متعدد ممالک کے فائٹر نے بھرپور تیاری کی تھی۔
پی پی بی ایل کے سیکریٹری اطلاعات میاں اظہر نے بتایا کہ اس ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ملک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ یہ باکسنگ لیگ ملک میں اپنے نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے اور اس کو ملتوی کرنا کوئی آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن ہمارے پاس موجودہ صورتحال میں کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشکل وقت تھا اور پی پی بی ایل کے چیئرمین سیّد نعمان شاہ نے ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنے سے پہلے بورڈ کے تمام ممبران کو اعتماد میں لیا۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ کے تمام ممبران نے اس فیصلہ سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور ثقافتی پروگراموں اور مذہبی اجتماعات سمیت تمام اجتماعات ملتوی کرنے یا منسوخ کرنے کیلئے دنیا بھر میں مشکل فیصلے کئے گئے۔