محکمہ اسپورٹس نے ڈونکی کارٹ ریس کو ثقافتی کھیل قرار دے دیا

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) کراچی کی قدیم گدھا گاڑی ریس اب ثقافتی کھیلوں میں شمار کی جائے گی، سیکرٹری اسپورٹس سندھ سید

امتیاز علی شاہ نے کہاہے کہ یہ ایک عوامی کھیل ہے لیکن تنظیم کاری نہ ہونے اور عدم سرپرستی کی بنا پر اسے کسی نے بھی اجاگر نہیں کیا۔
یہ بات انہوں نے باکسنگ کلبز کو کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ، اولمپین ملنگ بلوچ، ضلع جنوبی کے صدر، جنرل سیکرٹری اور دیگر باکسنگ عہدیداران موجود تھے۔
آر سی ڈی اور گرین فلیگ باکسنگ کلبز کو پنچنگ گلوز، ویٹ مشینز، ہیڈگارڈز، کٹس اور دیگر سیفٹی ٹولز مہیا کئے گئے۔ سیکرٹری اسپورٹس سندھ سید امتیاز علی شاھ نے مزید کہا کہ نئے بجٹ میں رکارڈ ترقیاتی فنڈز رکھے گئے ہیں، جن سے نہ صرف پرانی پینتیس اسکیمیں مکمل کی جائیں گی، بلکہ چالیس نئے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام شروع کیا جائے گا۔