ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو شکست دے کر سپر ایٹ کی امیدیں روشن کر دیں

ممبئی ( اسپورٹس ڈیسک )آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ سی کے اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 30

رنز سے شکست دے دی اور سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں مزید مضبوط کر لیں۔

ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا عمدہ مجموعہ اسکور کیا۔ شیرفین ردفورڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، روسٹن چیز نے 34 رنز بنائے جبکہ جیسن ہولڈر نے برق رفتار 33 رنز جوڑ کر ٹیم کے اسکور کو مستحکم کیا۔انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد اور جیمی اوورٹن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر اور سیم کرن ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی اور 19ویں اوور کی آخری گیند پر 166 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ سیم کرن 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جیکب بیتھیل نے 33 اور فل سالٹ نے 30 رنز اسکور کیے، تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گوڈاکیش موتی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ روسٹن چیز نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اکیل حسین، روماریو شیفرڈ اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ لے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا،واضح رہے ،کہ انگلینڈ کو اس سے قبل نیپال کے خلاف بھی سخت مقابلے کے بعد محض 4 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی تھی، جس کے باعث اس کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔