
لاہور ( اسپورٹس ڈیسک )پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کے لیے منتخب
نہ ہونے پر نجی ٹی وی کے لائیو پروگرام میں جذباتی ہوگئے اور گفتگو کے دوران آبدیدہ ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں احمد شہزاد اور فاسٹ بولر محمد عامر بطور مہمان شریک تھے۔ میزبان تابش ہاشمی کے سوال کے جواب میں احمد شہزاد نے اپنے دل کی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہا، "مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔ ساتھی کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ کر خوشی بھی ہوتی ہے، لیکن اپنے لیے دل افسردہ ہو جاتا ہے۔"
انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تکلیف انہیں اس بات کی ہے کہ ان کا بیٹا انہیں میدان میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے۔ احمد شہزاد کے مطابق ان کا بیٹا اب 9 برس کا ہو چکا ہے اور اکثر ان سے ان کے کیریئر کے بارے میں بات کرتا ہے،گفتگو کے دوران وہ اس وقت مزید جذباتی ہوگئے جب انہوں نے بتایا، "میرا بیٹا رات کو میرے ساتھ سوتا ہے۔ وہ میرا دل رکھنے کے لیے کہتا ہے’بابا مجھے یاد ہے آپ کھیلتے تھے، لیکن اب میں آپ کو اچھے طریقے سے یاد رکھ پاؤں گا‘۔"
احمد شہزاد نے کہا کہ وہ مجموعی طور پر خود کو مضبوط رکھنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر یہ ایک ایسی بات ہے جو ان کے دل کو لگتی ہے اور انہیں شدید دکھ پہنچاتی ہے۔




































