
کراچی(رنگ نو ڈاٹ کام) پاکستان سپرلیگ فور کے دوسرے ناک آؤٹ میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم دفاعی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکستک دےک کر
ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی جہاں اب وہ اتوار کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹائٹل کا فیصلہ کن معرکہ لڑنے کیلئے میدان میں اترے گی۔پی ایس ایل فور میں دونوں ٹیمیں اب تک تین بار ٹکراچکی ہیں اور تینوں میچوں میں کوئٹہ نے پشاور کو دھول چٹائی ہے۔
جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پشاور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جو ایک تباہ کن فیصلہ ثاہت ہوئی ۔ پشاور کے بلے بازوں نے زبردست لاٹھی چارج کرتے ہوئے اسلام آباد کے سامنے 215 رنز ہدف کا پہاڑ کھڑا کردیا۔پشاور کے اوپنرز امام الحق اور کامران اکمل نےدھواں دھارآغاز کیا۔ دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور 13ویں اوور تک کریز پر جمے رہے۔
امام الحق 33 گیندوں پر 58 رنز بنا کر ڈیلپورٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تین گیندوں بعد ہی کامران اکمل بھی اسی اوور میں 43 گیندوں پر 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔چوتھے نمبر پرآنے والے پولارڈ نے 37 رنز بنائے۔کپتان ڈیرن سیمی نے آخری اوورزمیں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 15 گیندوں پرناٹ آؤٹ 30 رنز بنائے۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 166 رنز بنا سکی۔
جمعرات کو کھیلے گئے پہلے ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز کو ہرانے میں اہم کردار اداکرنے والے ایلکس ہیلز پشاور کے خلاف نہ چل سکے اور صرف ایک رن بناکرآؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ڈیلپورٹ اور چیڈ وک والٹن نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی شراکت کی۔ ڈیلپورٹ نے 28 رنز بنائے۔کراچی کنگز کے خلاف میچ کے ہیرو آصف علی بھی پشاور کے سامنے زیرو ثابت ہوئے اور انڈے پر پویلین لوٹ گئے۔ چیڈ وک والٹن نے 48 رنزبنائے۔حسین طلعت نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 19 رنز بنائے، فہیم اشرف بھی زیادہ دیر نہ رک سکے اور 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔














