
کراچی(رنگ نو ڈاٹ کام) پاکستان سپرلیگ کے چوتھے سیزن میں میچز کا آغازہوتے ہی جہاں اس پرجوش ایونٹ کا بخار تیز تر ہوتا جارہا ہے
وہیں اس کے ساتھ ہی پی ایس ایل ٹیموں کے درمیان آفیشل گانوں کا مقابلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ ٹیموں نے اپنے مداحوں کا جوش بڑھانے کے لیے نئے گانے جاری کردیئے ہیں۔پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی، ملتان سلطان اور کراچی کنگز نے اپنے نئے گانے جاری کردیے، جنہوں نے شائقین کے مزے دوبالا کردیے۔تمام ٹیموں کے شائقین کو اپنی اپنی ٹیم کے گانے پسند آ رہے ہیں، تاہم ریٹنگ کی دوڑ جاری ہے اور یہ دیکھا جارہا ہے کہ کس ٹیم کا گانا سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کرتا ہے۔
کراچی کنگز کے گانے’’ کراچی کنگز لگاکے ونگز‘‘ کو پاپ گلوکار شہزاد رائے نے گایا ہے اور اس گانے میں فیصل قریشی اور وسیم اکرم سمیت دیگر شخصیات کو بھی دکھایا گیا ہے
۔اس گانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بھی کراچی کے لائف اسٹائل اور جوش و جذبے کو دکھایا گیا ہے۔گانے میں کراچی کے نوجوانوں کو بھی روڈوں پر کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ملتان سلطان کا گانا’ وقت جنوب‘‘ معروف گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے روایتی انداز میں گایا ہےاوراس میں جنوبی پنجاب کی ثقافت کو بھی دکھایا گیا ہے۔گانے میں سرائیکی زبان کا بھی استعمال کیا گیا ہے
۔پشاور زلمی کا گانا’ زلمی دا پخاور‘پشتو زبان میں ہے اور اسے گل پانڑا اور زیک آفریدی نے گایا ہے۔
پشاور زلمی نے اس گانے میں روایتی انداز کا استعمال کرکے اپنے مداحوں کو خوبصورت تحفہ دیا ہے۔اس گانے میں ٹیم کے کھلاڑی بھی رقص کرتے دکھائی دیے۔پی ایس ایل کی ایک اور ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے گانے کے بول’’ کوئٹہ من جئے پاکستان‘‘ ہیں۔ گانے میں بلوچی زبان کا استعمال کیا گیا ہے اور اسے ریپر عابد بروہی نے ہپ ہاپ انداز میں گایا ہے۔گانے میں عابد بروہی سمیت دیگر ماڈلز کے ڈانس نے بھی شائقین کو خوب محظوظ کیا۔














